خبرنامہ پاکستان

جماعت اسلامی کی جانب سے وزیراعظم کا اعلان کردہ عدالتی کمیشن مسترد

اسلام آباد: (اے پی پی)جماعت اسلامی نے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ عدالتی کمیشن کو مسترد کردیا جبکہ ایم کیوایم نے خیرمقدم کیا ہے۔ امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پانامہ لیکس کے اصل سوال کا کوئی جواب نہیں دیا، قوم وزیراعظم کے اعلان کردہ ریٹائرڈ جج کے کمیشن کو مسترد کرتی ہے،ان کا کہنا ہے کہ اگر آف شور کمپنیاں اتنی ہی قانونی تھیں تو پھر ان کی پاکستان میں بھی اجازت دے دی جاتی، دنیا جانتی ہے کہ یہ کمپنیاں کالادھن، اثاثے چھپانے، کک بیکس اور کمیشن لینے کیلئے استعمال ہوتی ہیں۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ حکومت نیب سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے تو معاملے کو چیف جسٹس کے سپرد کرنا چاہیے، دوسری جانب ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے پانامہ لیکس کے ذریعے سامنے آنے والے الزامات کی تحقیقات کیلئے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے عدالتی کمیشن قائم کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے، اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ یہ تحقیقات آزادانہ اور غیرجانبدارانہ ہونی چاہئیں اور ان تحقیقات سے عوام کو آگاہ کیا جانا چاہیے۔