خبرنامہ پاکستان

جماعت اسلامی کی عطاء الرحمان کو تنبیہہ

جماعت اسلامی کی عطاء الرحمان

جماعت اسلامی کی عطاء الرحمان کو تنبیہہ

لاہور:(ملت آن لائن) جماعت اسلامی نے مشال قتل کیس میں رہا ہونے والے افراد کا استقبال کرنے پر سابق رکن قومی اسمبلی اور پارٹی رہنما مولانا عطاء الرحمان کے خلاف نوٹس لے لیا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات امیر العظیم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی شوریٰ کے رکن اور سابق ایم این اے مولانا عطاء الرحمان کو تنبیہ کردی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اس واقعےکی مذمت کرچکے ہیں اور کسی تحقیق کے بغیر اس طرح کسی کوقتل کرناغلط ہے۔
مشال قتل کیس کا فیصلہ: ایک مجرم کو سزائے موت، 26 بری
ان کا کہنا تھا کہ مردان میں مشال قتل کیس میں رہا ہونے والوں کا استقبال ان کےعزیز رشتہ داروں نے کیا جن میں بعض کا تعلق جماعت اسلامی سے بھی تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ایبٹ آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مشال قتل کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں فاضل جج نے 58 گرفتار ملزمان میں سے ایک ملزم عمران کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے 5 ملزمان میں سے فضل رازق، مجیب اللہ، اشفاق خان کو عمر قید جب کہ ملزمان مدثر بشیر اور بلال بخش کو عمر قید کے ساتھ ساتھ ایک، ایک لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزائیں سنائیں تھیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں 25 دیگر ملزمان کو ہنگامہ آرائی، تشدد، مذہبی منافرت پھیلانے اور مجرمانہ اقدام کے لیے ہو نے والے اجتماع کا حصہ بننے پر 4، 4 سال قید جب کہ 26 افراد کو عدم ثبوت پر بری کرنے کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں رہا ہونے والے افراد کا شاندار استقبال کیا گیا جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں اور لوگوں نے اس پر تنقید بھی کی تھی۔