خبرنامہ پاکستان

جموریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے: راجہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ:(اے پی پی )سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جموریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے ،رینٹل پاور پلانٹس منصوبہ پی پی پی حکومت کا نہیں بلکہ پرویز مشرف حکومت کا تھا ،میرے اوپر جو الزامات لگائے گئے وہ سیاسی الزامات تھے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سابق صوبائی وزیر بہبود آبادی محترمہ نیلم جبار چوہدری کے شوہر پیپلز پارٹی کے رہنما عامر جبار چوہدری کی وفات پر اظہار افسوس کیلئے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انکی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق وفاقی وزیر رانا فاروق سعید اور سابق ایم این اے قصور چوہدری منظور بھی ان کے ہمراہ تھے ،سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے عامر جبار چوہدری کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ نیلم جبار چوہدری کے ساتھ اظہار افسوس کیا اورمرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ،اس موقع پر عامر جبار چوہدری مرحوم کے بڑے بھائی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماچوہدری ذوالفقار علی زلفی اور ضلعی سیکرٹری اطلاعات ذوالفقار علی ناصر بھٹو بھی موجود تھے ، راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ موجودہ جمہوری نظام کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں ،پانامہ لیکس کے معاملہ پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہیے ،اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی کوآرڈی نیشن کمیٹی پنجاب جون کے پہلے ہفتہ میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کا تنظیمی دورہ کرے گی ،جبکہ صوبائی کوآرڈی نیشن کمیٹی میں راجہ پرویز اشرف ،سابق وفاقی وزیر ندیم افضل چن اور ندیم اصغر کائرہ شامل ہوں گے، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ صوبائی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے تنظیمی دوروں کے بعد بلاول بھٹو زرداری پنجاب کے تمام اضلاع کا دورہ بھی کریں گے ۔