خبرنامہ پاکستان

جمہوریت پسند لوگ خود کو ایک بار پھر اس مقصد کیلئے وقف کر دیں:زرداری

اسلام آباد:(آئی این پی)سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 37ویں برسی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو یہ شعور دیا کہ عوام ہی سیاسی طاقت کا سرچشمہ ہیں، اسی شعور کی وجہ سے ملک میں ڈکٹیٹرشپ اپنی جڑیں نہیں پیدا کر سکی۔ ان مشکل حالات میں جبکہ طاقت عوام کی بجائے غیرمنتخب عناصر کی جانب منتقل ہو رہی ہے، ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ اپنانے کی جتنی ضرورت آج ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔ انہوں نے ملک کے تمام جمہوریت پسند لوگوں سے کہا کہ وہ خود کو ایک بار پھر اس مقصد کے لئے وقف کر دیں کہ طاقت بیلٹ بکس کے ذریعے آتی ہے نہ کہ بلٹ (گولی) کے ذریعے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو جگایا اور انہیں امید کی طاقت دی اور یہ طاقت بھی دی کہ وہ اپنی طاقت کی امید رکھیں۔ انہوں نے آنے والی نسلوں کے لئے راستے کو روشن کیا، کوئی بھی ذوالفقار علی بھٹو کے کارناموں کو ختم نہیں کر سکتا۔ یہ حقیقت ہے کہ ذوالفقار بھٹو روشنی کا مینار ہیں اور عوام کے لئے امید کا مینار بھی ہیں۔ یہ قائد عوام ہی تھے جنہوں نے قوم کو متفقہ جمہوری آئین دیا اور ملک کے دفاع کو مضبوط کیا۔ یہ دونوں باتیں جو ذوالفقار علی بھٹو نے آنے والی نسلوں کے لئے چھوڑی ہیں ان کی حفاظت ہر صورت میں ضروری ہے۔ آج کے روز ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ خود کو جمہوری اصولوں کے لئے وقف کر دیں گے، ہم ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جمہوریت کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جلاوطنی کی صعوبتیں برداشت کیں اور پابندِ سلاسل ہوئے۔