خبرنامہ پاکستان

جمہوریت کی بقا کی لڑائی لڑنے پرترک عوام کوسلام پیش کرتے ہیں، صدر

اسلام آباد:(اے پی پی) صدرممنون حسین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ترکی کے ساتھ ہیں جب کہ جمہوریت کی بقا کی لڑائی لڑنے پر ترک عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صدرممنون حسین سے ترکی کے فارن اکنامک ریلیشنز بورڈ کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے پراتفاق کیا گیا جب کہ دونوں ممالک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بات چیت بھی کی گئی۔ ملاقات کے دوران صدرممنون حسین نے ترک عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بقا کی لڑائی لڑنے پرترک عوام کو سلام پیش کرتے ہیں اورہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ترکی کے ساتھ ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے صدرمملکت کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ترقی کی نئے راہیں کھلی ہیں جس سے ترکی کو فائدہ اٹھانا چاہیے جب کہ پاکستان اورترکی کے درمیان آزاد تجارت کامعاہدہ جلد طے ہو جائے گا اوردونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔