خبرنامہ پاکستان

جنرل باجوہ کی تقرری پر امریکا کا خیرمقدم

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکا کی جانب سے جنرل قمر جاوید باجوہ کی آرمی چیف کے طور پر تقرری کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ امریکہ نے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات کو بھی تعیناتی پر مبارکباد ری ہے۔ دریں اثناء امریکا کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی بھی تعریف کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھی جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف اور جنرل زبیر محمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر مبارکباد دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو دنیا کی بہترین فوج کے سپہ سالار مقرر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی ٹیلی فون پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیر خزانہ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کو بھی ٹیلی فون کیا اور ان کی تقرری پر انہیں مبارکباد دی۔