خبرنامہ پاکستان

جنرل راحیل شریف نےدہشت گردی کےخلاف اچھا کام کیا:چانڈیو

کراچی (آئی این پی)مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کاکہناہے کہ جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف اچھا کام کیا‘ان کی خدمات پر سلام پیش کرتے ہیں‘راحیل شریف پاکٹ یونین سے ہوشیار رہیں ‘ ثنا خوان ایوب، ضیا اور مشرف کو بھی ملے مگر کچھ حاصل نہ ہوا‘ امیدہے جنرل راحیل فیصلہ کرنے میں اپنے نام کے تقدس اور احترام کو پیش نظر رکھیں گے۔ پیر کو مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا جنرل راحیل شریف کو دہشتگردی کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف اچھا کام کیا، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو پتہ نہیں ہوتا اور آپ دہشت گردوں سے برسرپیکارہوجاتے ہیں،ہم سب جنرل راحیل شریف کی صلاحیتوں کو مانتے ہیں ،جنرل راحیل نے وقت پرریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو ہم سب نے انہیں سلام پیش کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ اتنے بڑے منصب سے رضا کارانہ ریٹائرمنٹ کا اعلان جرات مندانہ فیصلہ ہے،اب جنرل راحیل کیلئے کون کیا اور کن مقاصد کیلئے کہہ رہا ہے یہ ڈھکی چھپی بات نہیں ،جنرل راحیل شریف لوگوں کے دلوں میں آپ کی بڑی عزت اوراحترام ہے۔چانڈیو نے کہا کہ جنرل راحیل شریف اپنے اصولوں،نام کے تقدس کومدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں ،میں کہتا ہوں پاکٹ یونین سے ہوشیار رہنا چاہیے،پاکٹ یونین آپ کی عزت اور ناموس کے دشمن ہے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ایوب خان،ضیاء الحق اورمشرف کیلئے بھی ثناء خوانی کی گئی۔ضیاء حمایت تحریک بھی بنائی گئی تھی نتیجہ کچھ نہیں نکلا،یہ ثناء خوان سب کے ثناء خوان ہے ان سے کچھ فائدہ نہیں ہوگا۔