خبرنامہ پاکستان

جنوبی ایشیا کو اسلحہ سے پاک چاہتے ہیں، جان کیری اس معاملہ پر بھارت سے بات کریں، لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبدالقیوم

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کو اسلحہ سے پاک چاہتے ہیں، جان کیری اس معاملہ پر بھارت سے بات کریں، پاکستان اس ضمن مین تعاون کرے گا۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹھان کوٹ واقعہ کا الزام حقائق سے ہٹ کر پاکستان پر لگایا جارہا ہے، حقیقت یہ ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی دوسرے ملک کے اندر مداخلت کا سوچ بھی نہیں سکتا، بھارتی حکومت ایسے وزیروں کو کنٹرول کرے جو پاکستان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے امریکی سینیٹر جان کیری کے بیان کے حوالے سے کہا کہ امریکہ ساؤتھ ایشیاء کو اسلحہ سے پاک دیکھنا چاہتا ہے تو اس پر جان کیری بھارت سے بات کریں، پاکستان اس حوالے سے تعاون کرے گا۔