خبرنامہ پاکستان

جنوبی پنجاب کے ارکان سندھ کی طرح انتخابی اتحاد بنالیں

جنوبی پنجاب کے ارکان سندھ کی طرح انتخابی اتحاد بنالیں: پیرپگارا کا خسرو بختیار کو مشورہ

لاہور:(ملت آن لائن) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے ارکان کو مشورہ ہے، سندھ کی طرح پنجاب میں بھی اتحاد بنا لیں. ان خیالات کا اظہار انھوں نے خسرو بختار کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب والے نہ تو ہم سے دور ہیں، نہ ہم اُن سے دور ہیں، جنوبی پنجاب والوں کاحق ہے، انہیں الگ صوبہ ملنا چاہیے. انھوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بن جائے، تو بہاولپورکو صوبےکا ہیڈ کوارٹر بنا دیں، موجودہ حکومت یا ماضی کی حکومتوں کو صوبہ بناناتھا، تواب تک بنا لینا چاہیے تھا. پیرپگارا کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک جماعت میں ضم نہیں ہوسکتے، تو اتحاد بنانا چاہیے، چوہدری برادران سے بھی کہا ہے وہ بھی کوئی اتحاد بنا لیں، اگرمیری جگہ کوئی آنا چاہے، تواس کی بھی مجھےخوشی ہوگی. پریس کانفرنس میں‌ مسلم لیگ ن سے الگ ہو کر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے والے خسرو بختیار نے کہا کہ پی پی اور ن لیگ کی نیت ہوتی، تو صوبے سے متعلق قراردادوں پرعمل ہوتا. انھوں نے مزید کہا کہ عوام عرصے سے اسی انتظار میں ہیں، یہ جماعتیں عمل کریں گی، اب بھی وقت ہے، کوئی ٹھوس اقدام کریں. خسرو بختیار نے کہا کہ حکمران فوری کوئی اقدام کریں، ورنہ تین ڈویژنوں میں خوش آمدید کہنے والا نہیں ہوگا، جنوبی پنجاب صوبے کے لئے قومی اسمبلی سے نئی قرارداد منظور کرنی ہوگی.