خبرنامہ پاکستان

جنوبی کوریا کی صدر کی طرح نواز شریف کو بھی وزیراعظم ہاؤس خالی کرنا ہو گا،

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد ایک ایسے جمہوری نظام کے قیام کے لیے ہے جس کے تحت فیصلوں کی باگ ڈور عوام اور اس کی منتخب پارلیمنٹ کے ہاتھ میں ہو ۔، جنوبی کوریا کی خاتون صدر کی طرح میاں نواز شریف کو بھی وزیراعظم ہاؤس خالی کرنا پڑے گا اور حکمران خاندان قانونی شقوں اور اگر مگر کا سہارا نہیں لے گا۔ وہ منگل کو پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سے مرکزی سکرٹریٹ میں گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کی وجہ سے قوم کے قیمتی 11 ماہ برباد کیے گئے اور اس دوران قوم سے جھوٹ بولنے کے نئے ریکارڈ قائم کیے گئے، قوم کی نظریں سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر انتہائی توجہ طلب ہے جس میں کہا گیا کہ خاتون صدر کا مواخذہ اپوزیشن یا سپریم کورٹ نے نہیں بلکہ عوام نے کیا، عوام کرپشن کے خلاف نہ اٹھتے توکورین خاتون صدر کے خلاف سپریم کورٹ ایکشن نہ لیتی، پاکستان میں بھی عوام کرپشن سے بیزار ہیں اور وہ پاناما کے کرپٹ کرداروں کا کڑا محاسبہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو حکمرانوں نے تسلیم نہ کیا تو پھر فیصلے پر عملدرآمد عوام کروائیں گے ۔خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ حسین حقانی کے تازہ ترین انکشافات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کے اقتدار کے فیصلے پاکستان سے باہر ہوتے ہیں ۔ حسین حقانی کا یہ کہنا قابل توجہ ہے کہ 2007 میں بش کو اندازہ ہو چکا تھا کہ مشرف دہشتگردی کے خلاف وعدے پورے نہیں کرنا چاہتے اس کے بعد پاکستان میں جمہوریت کا خیر مقدم کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ جمہوریت کا خیر مقدم نہ کرتا تو کیا مشرف سیٹ اپ مزید چلتا رہتا۔