خبرنامہ پاکستان

جنوری میں نئی حکومت، دھماکہ خیز خبر نے ہلچل مچادی

جنوری میں نئی حکومت، دھماکہ خیز خبر نے ہلچل مچادی
اسلام آباد(ملت آن لائن)ن لیگ کی حکومت مشکلات کا شکار، عوامی تحریک کا سانحہ ماڈل ٹائون رپورٹ آنے کے بعد رانا ثنا ، شہباز شریف ، نواز شریف کے خلاف مقدمات کے اندراج کا مطالبہ زور پکڑ گیا، دسمبر میں ریلی کا اعلان ہوتے ہی تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی بھی احتجاجی تحریک میں ساتھ شامل ہو جائیں گی، پیر آف سیال شریف نے بھی دس دسمبر کو ختم نبوتؐ معاملے پرفیصل آباد دھوبی گھاٹ میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے، خادم رضوی بھی میدان عمل میں ، داتادربار تا چیئرنگ کراس تک ریلی کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس وقت شدید دبائو کا شکار ہیں اور ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ روز بروز زور پکڑتا جا رہا ہے جبکہ مطالبات کے حق میں کسان بھی سڑکوں پر آنے کیلئے تیار ہیں اور آل پاکستان کسان اتحادنے بھی احتجاج کا عندیہ دیدیا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ آنے کے بعد پاکستان عوامی تحریک نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاج شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے بھی عوامی تحریک کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ عوامی تحریک کی جانب سے کسی ریلی یا دھرنے کا اعلان ہوتے ہی تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی بھرپور قوت کے ساتھ احتجاجی تحریک میں شامل ہو جائیں گی جس سے پنجاب حکومت کیلئے مشکلات کا پہاڑ کھڑا ہونے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب ختم نبوتؐ معاملہ بھی ابھی ٹھنڈا نہیں ہوا بلکہ پیر آف سیال شریف نے رانا ثنا کے استعفے کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد فیصل آباد دھوبی گھاٹ میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جہاں وہ اپنے دعوے کے مطابق 13ممبران اسمبلی کے استعفے پیش کرینگے جس سے پنجاب حکومت کو ایک اور زبردست جھٹکا لگنے کا امکان ہے۔ خادم رضوی بھی ایک بار پھر میدان عمل میں اترنے کیلئے پر تول رہے ہیں اور انہوں نے داتار دربار تا چیئرنگ کراس تک ریلی کا اعلان کر دیا ہے ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ن لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے خلاف وہ ممکنہ طورپر پیر آف سیال شریف کے ساتھ کھڑے ہو سکتے ہیں جبکہ عوامی تحریک کا بھی اس تحریک کی حمایت کے بعد خادم رضوی اور پیر آف سیال شریف سانحہ ماڈل ٹائون معاملے پر پنجاب حکومت سےمستعفی ہونےکا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی چوہدری غلام حسین کا کہنا ہے کہ سب مل کر حکومت کو ناکوں چنے چبوائیں گے اور اب ان سب کے استعفے ہوں گے۔پاکستان عوامی تحریک نے اپنے دھرنے میں قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرنا ہے ۔ جس کے بعد شہباز شریف اور رانا ثنا شاہد خاقان سمیت وفاقی وزرا بھی استعفے دے دیں گے ۔جس کے بعدجنوری میں نئی حکومت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسان تک سڑکوں پر آ رہے ہیں ، سیاسی قوتوں نے بھی دھرنے پر بیٹھ جانا ہے۔ شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے پاس ایک یہی راستی ہے کہ وہ باعزت طریقے سے مستعفی ہو جائیں۔