لاہور: صوبائی وزیربلدیات علیم خان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت 80ارب روپے کے چیک باؤنس کرا کر بیٹھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات علیم خان نے کہا کہ پیراگون اسکینڈل کا ذمہ دار کون ہے، آج کس چیزکا رونا ہے۔
علیم خان نے کہا کہ احتجاج کرلیں کنٹینرہم فراہم کریں گے، آدھے گھنٹے احتجاج کے بعد بھاگ گئے، ہم نے 126دن دھرنا دیا تھا، انہوں نے ہمارا پانی تک روک لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئیں احتجاج کریں، پانی بھی دیں گے اورکھانا بھی فراہم کریں گے، آج آدھے گھنٹے کا احتجاج کیا اور بھاگ گئے، الزامات لگانے والے بھی بھاگ گئے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ اپوزیشن میں رہ کر10سال تک حکومت کامقابلہ کیا، کل جس ہاؤسنگ سوسائٹی کا نام لیا گیا میرا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
علیم خان نے کہا کہ میری سوسائٹی کا نام پاک ویو ہے کل جس کا نام لیا گیا وہ پاک انکلیو ہے، پارک انکلیوسوسائٹی سی ڈی اے کی ہے انہوں نے تعمیرات کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ملک کا مال لوٹا انہیں حساب دینا ہوگا، ایک ایک کمپنی کھلے گی اوراس کا باقاعدہ آڈٹ ہوگا، آشیانہ اورصاف پانی کمپنی کھلی توکئی اسکینڈل سامنے آگئے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ہرکمپنی میں اسکینڈل سامنےآ رہا ہے، میٹروکا اسکینڈل بھی سامنے آئے گا، سب سامنےلائیں گے کس کمپنی نے کتنا کک بیک اور کمیشن لیا۔
علیم خان نے کہا کہ سالڈ ویسٹ کوڈیڑھ ارب ہرماہ دیا جا رہا ہے اس کی ٹینڈرنگ کہاں ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت 80 ارب روپے کے چیک باؤنس کرا کربیٹھی ہے، ہم سب فری کردیں گے لیکن پیسے ہوں گے توسبسڈی دیں گے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ گزشتہ حکومت خزانہ خالی کرکے گئی ہے کچھ چھوڑا ہی نہیں ہے، جب خزانے میں کچھ ہے ہی نہیں توسبسڈی کہاں سے دیں۔