خبرنامہ پاکستان

جن کا کام ہے انہوں نے نہیں کیا، خدمت کرنے آئے ہیں تو خدمت کریں: چیف جسٹس

جن کا کام ہے انہوں نے نہیں کیا، خدمت کرنے آئے ہیں تو خدمت کریں: چیف جسٹس

اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیف جسٹس پاکستان نے اپنے ریمارکس میں کہا ہےکہ جن کا کام ہے انہوں نے نہیں کیا، خدمت کرنے آئے ہیں تو خدمت کریں۔ سپریم کورٹ میں مارگلہ ہلز پر درختوں کی کٹائی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی جس دوران سروے جنرل آف پاکستان نے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد کب سے بنا ہوا ہے لیکن ڈرافٹ رولز نہیں بنے، صدیاں گزر گئی ہیں اسلام آباد میں رولز کے حوالے سے کچھ نہیں ہوا جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اگر ہم بولتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہمارے کام میں مداخلت ہورہی ہے، کہتے ہیں کہ عدلیہ ایگزیکٹو اتھارٹی میں مداخلت کررہی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ جن کا کام ہے انہوں نے کیا نہیں، خدمت کرنے آئے ہیں تو خدمت کریں، ہم ہدایات بھی نہ دیں تو کیا دے کرجائیں گے اپنے بچوں کو۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے وزیرکیڈ طارق فضل چوہدری کو بھی طلب کرلیا۔
…………………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے…..بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیاں میں 6 کشمیری نوجوان شہید

سرینگر، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں 6 اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع کے علاقے پنہومیں فوجی کیمپ کے قریب ایک گاڑی پر فائرنگ کر کے ان نوجوانوں کو شہید کیا۔اس واقعے کے خلاف شوپیاں ، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔ اس موقع پر مظاہرین اور فورسز کے اہلکاروں کے درمیان زبردست جھڑپیں بھی ہوئیں۔ انتظامیہ نے سرینگر ، اسلام آباد ، شوپیاں، پلوامہ اور کولگام کے اضلاع میں سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں اور جنوبی کشمیرمیں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے ۔جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن نے آج منعقد ہونیوالے امتحانات ملتوی کر دیئے ہیں ۔ادھر بھارتی پولیس نے ضلع راجوری میں دو الگ الگ مقامات پر تلاشی کی بڑی کارروائیاں شروع کیں۔ عینی شاہدین کے مطابق فورسز نے چاوا، موچی محلہ ، کشرموڑ ، ٹنڈوال ، ٹھنڈی کسی ، ایران کھنی تار، گھمبیر اور کاکورہ اوردیگر علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں کر رہے ہیں ۔دریں اثناء مشترکہ حریت قیادت کی کال پر پوری وادی کشمیرمیں آج ہڑتال ہے ۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے جگہ جگہ بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر کے پابندیاں عائد کر دی ہیں ۔