خبرنامہ پاکستان

جوڈیشل الائنس کیس: سپریم کورٹ نے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی

اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی)سپریم کورٹ نے ماتحت عدالتوں اور عدالت عالیہ کے ملازمین کے جوڈیشل الاؤنس میں اضافہ سے متعلق کیس میں فریقین کے وکلاء کی مصروفیت کے باعث سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی ہے، پیر کوچیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر سندھ حکومت کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے پیش ہوکرعدالت کوبتایاکہ وہ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے آئندہ الیکشن میں صدارتی امیدوارہیں اس لئے صوبائی حکومتوں کے وکلا ء کی جانب سے استدعاہے کہ مزید سماعت ملتوی کی جائے سماعت کے دوران مخالف فریق کے وکیل انور منصور خان نے بھی عدالت کوآگاہ کیاکہ وہ بھی چھٹیوں پر کہیں جارہے تھے، عدالتی نوٹس پرعدالت میں پیش ہوئے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ایسے چلتا رہا اورکیسوں میں التواکی درخواستیں آتی رہیں تو کام کس طرح چلے گا ،اگر ہم سماعت نہیں کرتے تو دوسرا فریق کہتاہے کہ سماعت نہیں کی جارہی ہے،آپ سینیئر وکلا ہیں عدالت آپ کی طر ح جونیئر وکلا کی بھی عزت کرتی ہے۔ بعدازاں مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیئے ملتوی کردی گئی۔