خبرنامہ پاکستان

جو سلسلہ چلا ہے اس کا انجام جلد ہوگا، مریم نواز

جو سلسلہ چلا ہے اس کا انجام جلد ہوگا، مریم نواز

اسلام آباد(ملت آن لائن)سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ احتساب نما انتقام میں تحفظات کے باوجود پیش ہو رہے ہیں اور جو سلسلہ چلا ہے اس کا انجام جلد ہوگا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو احتساب سے بھاگ رہے ہیں انہیں کوئی گرفتار نہیں کررہا اور جو خود کو احتساب کے لئے پیش کررہے ہیں انہیں گرفتار کیا جارہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عدالتوں میں ہر بار پیش ہو کر انصاف اور عدل کی زنجیر ہلا رہے ہیں، مجھ پر مقدمات نواز شریف کی بیٹی ہونے کی وجہ سے بنائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ شدید ترین تحفظات کے باوجود عدالت میں پیش ہوئے، پچھلے دنوں میڈیا پر کچھ چیزیں آئیں اور اس حوالے سے مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔

احتساب عدالت کے باہر بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی نمائندے ملکی قوانین اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، مریم نواز والدہ کی علالت کے باوجود عدالت میں پیش ہوئیں جب کہ کیپٹن (ر) صفدر پیشی کے لیے واپس آئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن سمیت تمام عدالتوں سے مفرور ہیں اور یہ نہیں ہو سکتا کہ 2 لوگوں کے لیے الگ سے قانون بنے۔

انہوں نے کہا کہ حسین اور حسن نواز پاکستان کے غیر رہائش پذیر شہری ہیں اور ان کے بھی دیگر شہریوں کی طرح حقوق ہیں۔