خبرنامہ پاکستان

جہانگیر ترین نے بینکوں سے49.819 ملین روپے کے قرضے معاف کرائے، اسٹیٹ بینک رپورٹ

اسلام آباد:(آئی این پی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے کنزیومر ڈپارٹمنٹ کی دستاویزکے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جہانگیر ترین کی کمپنیوں نے مختلف بینکوں سے49.819 ملین روپے کے قرضے معاف کرائے ہیں۔ دستاویز کے مطابق 28 مارچ 2013ء تک جہانگیر ترین کی کمپنی فاروقی پلپ ملز نے یونائٹڈ بینک سے19.234 ملین روپے، مسلم کمرشل بینک سے 9.015 ملین روپے اور رائل بینک آف اسکاٹ لینڈ سے21.57 ملین روپے کے قرضے معاف کرائے جبکہ ان کی ایک اور کمپنی اسٹیٹ انجینئرنگ نے انڈسٹریل ڈیولپمنٹ بینک (سابق آئی ڈی بی پی) کے 0.932 ملین روپے ادا کرنے ہیں۔ دستاویز کے مطابق جہانگیر ترین کی کمپنی اسٹیٹ انجینئرنگ نے نیشنل بینک کے406.818 ملین روپے بھی ادا کرنے ہیں، دریں اثنا ایکسپریس نیوز نے الیکشن کمیشن کو اسٹیٹ بینک کا لکھا گیا خط حاصل کر لیا ہے جو28 مارچ 2013 کو لکھا گیا، خط میں انکشاف کیاگیا کہ تمام قرضے انھوںنے ذاتی حیثیت معاف کرائے، وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین کی طرف سے مختلف بنکوں سے قرضے معاف کرانے کی خبر سے یہ حقیقت کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس کیوں تسلیم نہیں کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاناما پیپرز کے الزامات کی تحقیقات میں سنجیدہ ہیں تاہم پی ٹی آئی کی قیادت پاکستان کے عوام سے کچھ چھپا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ ٹرمز آف ریفرنس کی مخالفت کر رہے ہیں۔