خبرنامہ پاکستان

جہانگیر ترین کیخلاف الیکشن کمیشن نے فیصلہ موخر کردیا

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) الیکشن کمیشن نے جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس پر فیصلہ موخر کردیا جبکہ عمران خان کے خلاف ریفرنسز پر وکیل کے دلائل سنے کا فیصلہ ، سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کردی ۔ چیف الیکشن کمیشنر سردار رضا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف سپیکر کے ریفرنس کی سماعت کی ۔ اس موقع پر عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جب ریفرنس سپیکر نے ارسال کیا ہے تو پھر ریفرنس دائر کرنے والے ارکان اسمبلی غیر متعلقہ ہوگئے ، سپیکر قومی اسمبلی کو اپنے ریفرنس کا دفاع کرنا ہوگا ، میں آج بھی دلائل دینے کو تیار ہوں ، عمران خان کے ریفرنس میں ایک صفحہ موجود نہیں ، چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ اس پر کیا ہے جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ وہ ویلتھ ٹیکس سے متعلق ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ جب وہ صفحہ ہے ہی نہیں تو آپ کو کیسے معلوم اس پر کیا ہے ، ایک ممبر کی آنکھ کا آپریشن ہے ۔ نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ اس عمر میں یہی ہوتا ہے آنکھوں میں موتیا اتر آتا ہے ، سردار رضا نے جواب دیا کہ عمر میں آپ بھی اتنے چھوٹے نہیں ، تاہم کمیشن نے سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر عمران خان کے وکیل کے دلائل سنے جائیں گے ۔ کمیشن میں جہانگیر ترین کے وکیل نے کہا کہ فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد جہانگیر ترین کے کیس کو دوبارہ کھولنے کی بات ہو رہی ہے ۔ طلال چوہدری اور محمد خان ڈاہا کی جانب سے اکرم شیخ کو وکیل مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے مگر فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد وکیل تبدیل نہیں کیا جاسکتا جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ 26 دسمبر کو ہی ہم معاملے کو دیکھیں گے ، فیصلہ محفوظ ہے تو پھر ہم فیصلہ ہی سنائیں گے ۔ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف مقدمات سننے کے بعد ایک ساتھ فیصلہ کرنا چاہتے ہیں ۔ کمیشن نے کیپٹن صفدر کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔