خبرنامہ پاکستان

جے آئی ٹی نے کیلبری فونٹ کے معاملے پر عدالت کو گمراہ کیا، دانیال عزیز

جے آئی ٹی نے کیلبری فونٹ کے معاملے پر عدالت کو گمراہ کیا،دانیال عزیز

اسلام آباد(ملت آن لائن) وفاقی وزیر برائے نجکاری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے کیلبری فونٹ کے معاملے پر عدالت کو گمراہ کیا، جرح میں ثابت ہو گیا کہ کیلبری فونٹ موجود تھا اور اس کو ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا تھا، اس کا جائزہ لیاجانا چاہئے اور اس پر معافی مانگنی چاہئے، فیصلے پر اس لئے تنقید کی کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہورہی تھی، برطانوی حکومت سمجھتی ہے کہ یہ سیاسی کیس ہے۔ جمعرات کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں یہ فائنڈنگ دی گئی ہے اوراس پر سب کے دستخط ہیں کہ کیلبری فونٹ کے استعمال کی وجہ سے فرانزک رپورٹ کی بنیاد پرٹرسٹ ڈیڈ دستاویزات جعلی ہیں جبکہ اب جرح میں ثابت ہو گیا ہے کہ کیلبری فونٹ تو موجود تھا اور کوئی بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتا تھا اور انہوں نے کیا بھی، اس کے لئے صرف اتنی صلاحیت چاہئے کہ آپ ماؤس سے ڈاؤن لوڈ پر کلک کر سکیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ یہ بات نظر ثانی پٹیشن کے فیصلے میں5 معزز جج صاحبان نے لکھی جس میں انہوں نے یہ کہا ہے کہ یہ وزیراعظم کے عہدے کے وقار کے خلاف ہے کہ جوکیلبری فونٹ 2007ء میں آیا ہے اس کوٹرسٹ ڈیڈ کی تیاری میں استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پریہ جو سپریم کورٹ کو مس لیڈ کیا گیا ہے اس کا جائزہ لیا جانا چاہئے اور جیسا کہ نیب کے برطانوی گواہ ریڈلے نے بتایا کہ کیلبری فونٹ دستیاب تھا تو اس کی معافی درکار ہے اور اس معاملے پر معافی مانگنی چاہیئے۔