خبرنامہ پاکستان

جے آئی ٹی کی سندھ حکومت سے بینک اکاؤنٹس کی 10 سالہ تفصیلات طلب

کراچی :(ملت آن لائن) جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی) نے تفتیش کا دائرہ سندھ حکومت تک پھیلا دیا۔

جے آئی ٹی نے سندھ حکومت کو لکھے گئے خط میں صوبائی حکومت کے زیراستعمال تمام بینک اکاؤنٹس کی 10 سالہ تفصیلات طلب کرلیں اور تفتیش کا دائرہ بیمار صنعتوں کی مالی امداد اور سرکاری ٹھیکوں تک پھیلا دیا۔

خط کے متن کے مطابق جے آئی ٹی نے سندھ حکومت سے دس سال میں ہونے والی کھربوں روپے کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ مانگا ہے اور کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے جس بینک میں بھی جو اکاؤنٹ ہے اس کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

جے آئی ٹی کی جانب سے صوبائی حکومت کے زیر استعمال تمام اکاؤنٹس کی بینک اسٹیٹمنٹ متعلقہ افسر کے دستخطوں کے ساتھ مانگی گئی ہیں۔

خط میں میں کہا گیا ہے کہ 10 سال میں صوبے میں بیمار صنعتوں کو امداد اور ان کے ڈائریکٹرز کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

جے آئی ٹی کی جانب سے 10 سال میں محکمہ آبپاشی اور کمیونیکشن ورکس کے ٹھیکوں کی تفصیلات بھی مانگی ہیں اور کہا گیا ہے کہ بتایا جائے 10 سال میں دونوں محکموں میں کتنی مالیت کے اور کتنے ٹھیکے دیے گئے۔

صوبائی حکومت کو لکھے گئے خط میں 10 سال میں دیے گئے تمام ٹھیکے، ٹھیکوں کے نام، پتے اور شناختی کارڈز کی تفصیلات تک مانگی گئی ہیں جب کہ خط میں سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔