خبرنامہ پاکستان

حافظ آباد اسکینڈل کا ڈراپ سین: برآمد ہونیوالا مواد بون میرو نہیں

حافظ آباد اسکینڈل کا ڈراپ سین: برآمد ہونیوالا مواد بون میرو نہیں

حافظ آباد: (ملت آن لائن) حافظ آباد اسکینڈل کا ڈراپ سین ہو گیا، برآمد ہونے والا مواد بون میرو اور اسپائنل فلوئیڈ نہیں، ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ مکمل ہوگیا، رپورٹ متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق، پنجاب فرانزک ایجنسی نے پولی گرافی رپورٹ اور سیمپل کی رپورٹ کے بعد حافظ آباد میں بون میرو نکالنے کے معاملے کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ فرانزک رپورٹ کے مطابق ملزم نہ تو کسی گروہ کا رکن ہے نہ ہی بون میرونکالتا تھا، ملزم ندیم کی جانب سے نکالا گیا مواد بھی بون میرو نہیں۔ ملزم ندیم نے صرف جنسی خواہش کی تکمیل کیلئے ڈرامہ رچایا ، وہ صرف خواتین کے ساتھ تعلق بنانے کیلئے مختلف حرکتیں کرتا تھا ۔ پنجاب فرانزک لیبارٹری نے رپورٹ متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی۔حافظ آباد کے محلہ بہاولپورہ میں خواتین کی ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالنے کے واقعے کی تفتیش جاری ہے اور 5 گرفتار ملزمان کے خلاف مزید 3 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جس کے بعد درج مقدمات کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ 24 متاثرہ خواتین کے میڈیکل ٹیسٹ بھی کرائے گئے، جن کی ریڑھ کی ہڈیوں پر سرنج کے نشانات پائے گئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نے بتایا کہ 2 ملزمان کے پولی گراف ٹیسٹ کی رپورٹ بھی آج موصول ہوجائے گی جس کے بعد تحقیقات میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ رواں ماہ 12 فروری کو حافظ آباد میں اُس وقت غیرقانونی طور پر لڑکیوں کی ریڑھ کی ہڈی کا پانی نکال کر فروخت کرنے والےگروہ کا انکشاف ہوا تھا، جب ایک 17 سالہ لڑکی کے والد نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔ واقعے کی خبریں میڈیا پر آنے کے بعد سے اب تک 24 متاثرہ خواتین سامنے آچکی ہیں، جنہیں جہیز اور نقد رقم کا لالچ دے کر غیر قانونی طور پر ان کی ریڑھ کی ہڈی سے پانی نکالا گیا۔