خبرنامہ پاکستان

حافظ سعید انتہائی مہذب اور شائستہ انسان ہیں، حمزہ علی عباسی

حافظ سعید انتہائی مہذب اور شائستہ انسان ہیں، حمزہ علی عباسی

لاہور:(ملت آن لائن) معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید انتہائی مہذب اور نفیس انسان ہیں۔ حمزہ علی عباسی عموما اپنے بیانات سے خبروں میں گرم رہتے ہیں۔ اب انہوں نے ٹوئٹر پر حافظ سعید سے ملاقات کی تصویر شیئر کرکے ہلچل مچادی۔ جہاں ایک طرف ان کے بہت سے مداح انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہیں بہت سے صارفین ان کی حمایت بھی کررہے ہیں۔ حمزہ علی عباسی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ حافظ سعید انتہائی مہذب اور شائستہ انسان ہیں جو انسانیت کی خاطر مذہبی ہم آہنگی اور برداشت کو فروغ دیتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں ان کے بارے میں شدید غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ حمزہ نے بتایا کہ حافظ سعید سے متعلق پروپگینڈے کا اثر زائل کرنے کےلیے ایک بار پھر ان سے ملاقات اور بات چیت کی۔ حافظ سعید کی تنظیم لشکر طیبہ اور جماعت الدعوۃ پر پابندی عائد ہے جبکہ امریکا نے حافظ سعید کو عالمی دہشت گرد قرار دیا ہوا ہے۔ حال ہی میں عدالتی احکامات پر پاکستان میں ان کی رہائی عمل میں آئی ہے۔

………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت کو سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ

اسلام آباد:(ملت ان لائن) حکومت پاکستان نے حافظ محمد سعید سے منسلک دو تنظیموں جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے مالی اثاثے ضبط اور ان کا انتظام سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید سے وابسطہ فلاحی اور دیگر تنظیموں کے اثاثے ضبط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہشتگردوں کو ملنے والے مالی تعاون اور منی لانڈرنگ پر نظر رکھنے والے بین الاقوامی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی رپورٹ پر 19 دسمبر کو اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی اور وفاقی اداروں کو حافظ سعید کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرنے اور انہیں سرکاری تحویل میں لینے کے لیے حکمت عملی طے کرنے کی ہدایت کی گئی۔ 19 دسمبر کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے 28 دسمبر کو ایک اور اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے تفصیلی رپورٹ جمع کرائی۔انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ کے مطابق جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ساتھ ہزاروں رضاکار اور سیکڑوں تنخواہ دار لوگ منسلک ہیں، اجلاس میں طے پائی گئی حکمت عملی کے تحت پہلے مرحلے میں جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو سرکاری تحویل میں لیا جائے گا۔ جس کے بعد جماعۃ الدعوۃ کے زیر انتظام سیکڑوں مدارس اور مرید کے میں قائم مرکز کا انتظام سنبھالا جائے گا۔ اس سارے عمل میں انٹیلی جنس ادارے بھی متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔حافظ سعید کی دونوں تنظیموں سے متعلق اس فیصلے پر وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں کام کرنے والی تمام کالعدم تنظیموں کو امداد کی شکل میں ملنے والی رقوم کا راستہ روکیں اور یہ اقدام ہم نے امریکی دباؤ پر نہیں بلکہ ایک ذمہ دار ملک ہونے کی حیثیت سے اٹھایا ہے۔دوسری جانب جماعۃ الدعوۃ نے اس قسم کی خبروں سے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ اس بارے میں کوئی بھی بات حکومت کی جانب سے جاری حکم ناموں کے بعد ہی کی جاسکتی ہے۔