خبرنامہ پاکستان

حافظ سعید کی نظر بندی ختم

حافظ سعید کی نظر بندی ختم
لاہور:(ملت آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں تین رکنی ریویو بورڈ نے بند کمرے میں سماعت کی، اس موقع پر حافظ سعید بھی پیش ہوئے اور اپنی نظر بندی کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے انہیں ایک سال سے نظر بند رکھا گیا ہے۔ ادھر حکومت کی جانب سے نظر بندی میں 60 سے 90 روز کی نظر بندی کی استدعا کی گئی تھی، تاہم تین رکنی ریویو بورڈ نے تمام ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد حافظ سعید کی نظر بندی کی معیاد مکمل ہونے سے ایک دن پہلے ہی نظر بندی ختم کر دی۔ ریویو بورڈ نے حکم دیا کہ حافظ سعید کے خلاف کوئی دوسرا کیس نہ ہونے کی بنیاد پر انہیں فوری طور پر رہا کر دیا جائے۔ حافظ سعید کو رواں سال 30 جنوری کو نظر بند کیا گیا تھا، جس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے احکامات کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ ریویو بورڈ کے فیصلے کے بعد حافظ سعید کی لاہور ہائیکورٹ میں نظر بندی کے خلاف زیرِ سماعت درخواست رہائی کی وجہ سے غیر موثر ہو چکی ہے۔