خبرنامہ پاکستان

حالات پھرخراب کرنےکی کوشش کی جارہی ہے: عابد

اسلام آباد:(اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دھرنوں اور احتجاج کی وجہ سے قوم کا بہت وقت ضائع ہوا جب کہ پہلے بھی جمہوریت پر حملہ کیا گیا اور ایک بار پھر حالات خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے لیکن ہم کزنز کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیں گے۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ پہلے بھی جمہوریت پر حملہ کیا گیا اور ایک بار پھر حالات خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے، ہم کزنز کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں چوہوں کی حکومت ہے، مخالفین کو ڈر ہے کہ توانائی منصوبے مکمل ہوگئے تو پھر انہیں کون پوچھے گا جب کہ 2018 میں یہ منصوبے مکمل ہونے سے نیا پاکستان بنے گا۔ اس موقع پر دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان یو ٹرن اور معافی مانگنے کے ماسٹر ہیں وہ پہلے اپنی جماعت میں کرپشن تو ختم کریں، یہاں تک کہ 5 ارکان نے کرپشن کے خلاف بغاوت کرکے الگ گروپ بنالیا ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں کرائم ریٹ بڑھا ہے جسے ہم ثابت کریں گے، عمران خان بتائیں کہ خیبرپختونخوا میں 90 دن میں احتساب کا دعویٰ کہاں گیا۔ دانیال عزیز نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج کی وجہ سے قوم کا بہت وقت ضائع ہوا جب کہ دھرنا دینے والوں نے سول نافرمانی ،ہنڈی کے ذریعے رقم بھجوانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ پاناما دستاویزات میں وزیراعظم نواز شریف کا نام نہیں ہے لیکن عمران خان ،علیم خان ، جہانگیر ترین کے نام سے آف شور کمپنیاں ہیں، نیازی سروسز کے ڈائریکٹر عمران خان نہیں علیمہ خان تھیں تو کیا جہانگیرترین ، عمران خان پر پارلیمنٹ میں بیان دینا نہیں بنتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی کامیابیوں کا اعتراف کیا جارہا ہے، افراط زر کی شرح کم ترین سطح پر آگئی ہے اور جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی معیشت مستحکم ہوئی لیکن یہاں تو ایک دفعہ پھر دھرنا دینے والی قوتیں اکٹھی ہورہی ہیں۔