خبرنامہ پاکستان

حالات کاتقاضہ ہے ہم بھارت کی تصادم کی پالیسی پر نظرثانی کیے جانے کا انتظار کریں،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ بھارتی حکومت نے انتخابات کی وجہ سے جارحانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے اور حالات کاتقاضہ ہے ہم بھارت کی تصادم کی پالیسی پر نظرثانی کیے جانے کا انتظار کریں۔

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے تحریری جواب داخل کیا گیا جس میں بتایا گیاہےکہ کلبھوشن جادھو کا کیس عالمی عدالت انصاف میں زیر سماعت ہے اور کیس کی رسمی سماعت کا شیڈول 18 فروری 2019 ہے۔

شاہ محمود قریشی کی جانب سے بتایا گیا کہ بیرون ممالک کی جیلوں میں 10 ہزار 811 پاکستانی قید ہیں، سعودی عرب کی جیلوں میں 3000 پاکستانی قید ہیں، ترکی میں پکڑےگئے پاکستانی تارکین وطن کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا، 2018 میں ترکی میں پکڑےگئے پاکستانی تارکین وطن کی تعداد 30 ہزار ہے۔

وزیرخارجہ نے اپنے جواب میں پاک بھارت تعلقات سے متعلق بتایا کہ آئندہ سال بھارت میں انتخابات کی بنا پر بھارتی حکومت نے جارحانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے، حالات کاتقاضہ ہے ہم بھارت کی تصادم کی پالیسی پر نظرثانی کیے جانے کا انتظار کریں۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے یمن کے بحران کو ختم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔