خبرنامہ پاکستان

حج کرائے کے حوالے سے پی آئی اے کے ساتھ ابھی کوئی تحریری معاہدہ طے نہیں پایا:وزارت مذہبی امور

اسلام آباد:(اے پی پی)وزارت مذہبی امور نے واضح کیاہے کہ حج کرائے کے حوالے سے پی آئی اے کے ساتھ ابھی کوئی تحریری معاہدہ طے نہیں پایا اگر حج کرایوں میں قومی ایئر لائن کی جانب سے ریلیف دیا گیا تو وہ حاجیوں کو مزید سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جائیگا، توقع ہے کہ حج پیکیج گزشتہ سال والا برقرار رہے گا۔ جمعرات کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان نور زمان نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج پالیسی پر کام جاری ہے ۔توقع ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے 20اپریل تک دی گئی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی ہم اپنا کام مکمل کرلیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حج کرایوں کے حوالے سے قومی ایئر لائن پی آئی اے سے بات چیت جاری ہے ۔ گزشتہ روز بھی سیکرٹری سول ایوی ایشین کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے ۔ پی آئی اے کا موقف ہے کہ ہوائی ٹکٹ میں فیول چارجز صرف 25سے 30فیصد ہوتے ہیں ۔ پاکستان میں تو تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں تاہم سعودی عرب میں تیل قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جب پی آئی اے سعودی عرب سے فلنگ کراتی ہے تو اس کے زیادہ چارجز ادا کرنے پڑتے ہیں ۔ نور زمان نے کہا کہ پی آئی اے نے حاجیوں کیلئے اگر ٹکٹ میں کمی کی تو وہ رقم حج پیکیج کم کرنے کی بجائے جدہ سے مکہ تک جدید ایئر کنڈیشنڈ بسوں کے حصول میدان عرفات میں ڈیزرٹ کولرز کی فراہمی سمیت حاجیوں کو مزید سہولیات کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی خواہش ہے کہ رواں سال گزشتہ سال والا حج پیکیج برقرار رکھا جائے اس میں کسی قسم کا اضافہ نہ کیاجائے اور اگر پی آئی اے کی طرف سے حج کرایوں میں ریلیف ملے وہ رقم اللہ کے مہمانوں کو مزید سہولیات کی فراہمی پر خرچ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ حج پالیسی کا مسودہ جلد ہی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو ارسال کیا جائیگا۔