خبرنامہ پاکستان

حدیبیہ ریفرنس پھر کھولنے کی اپیل

حدیبیہ ریفرنس پھر کھولنے کی اپیل
اسلام آباد: (ملت آن لائن) تین رکنی بینچ کی سربراہی جسٹس آصف سعید کھوسہ کریں گے۔ دیگر ججوں میں جسٹس دوست محمد اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہیں۔ رجسٹرار آفس نے پراسکیوٹر جنرل نیب کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ اس سے پہلے لاہور ہائیکورٹ نے شریف برادران کیخلاف حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس خارج کر دیا تھا۔ نیب نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے ریفرنس دوبارہ کھولنے کی اجازت طلب کر رکھی ہے۔
……………..
اہم خبر

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے حدیبیہ پیپرز مل کیس کی سماعت سے معذرت کر لی
میرے سامنے کیس آفس کی غلطی سے لگ گیا، پاناما کیس میں حدیبیہ پیپر مل کیس کھولنے کی استدعا کی گئی تھی، لگتا ہے دفتر نے میرا پاناما کا فیصلہ نہیں پڑھا: جسٹس آصف سعید کھوسہ

اسلام آباد: حدیبیہ پیپرز مل کیس کی سماعت کرنے والا بنچ ٹوٹ گیا، جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا میرے سامنے کیس آفس کی غلطی سے لگ گیا، پاناما کیس میں حدیبیہ پیپرز مل کیس کھولنے کی استدعا کی گئی تھی، لگتا ہے دفتر نے میرا پاناما کا فیصلہ نہیں پڑھا۔ واضح رہے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حدیببہ پیپر ملز ریفرنس کھولنے کیلئے نیب کی اپیل پر بینچ تشکیل دیا تھا۔ جس میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس دوست محمد اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل تھے۔ لاہور ہائیکورٹ نے شریف برادران کیخلاف حدیبیہ پیپرز مل ریفرنس خارج کر دیا تھا۔ نیب نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے ریفرنس دوبارہ کھولنے کی اجازت طلب کر رکھی ہے۔ نیب نے پاناما کیس میں پانچ رکنی بینچ کی آبزرویشن پر اپیل دائر کی تھی۔ خیال رہے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے اکتوبر 2011 میں نیب کو اس ریفرینس پر مزید کارروائی سے روک دیا تھا۔ حدیبیہ ریفرنس مشرف دور میں سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار سے 25 اپریل 2000 کو لیے گئے اس بیان کی بنیاد پر دائر کیا گیا تھا جس میں انہوں نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے شریف خاندان کے لیے ایک کروڑ 48 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ رقم کی مبینہ منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا تھا۔ اسحاق ڈار بعدازاں اپنے اس بیان سے منحرف ہو گئے تھے اور ان کا موقف تھا کہ یہ بیان انھوں نے دباؤ میں آ کر دیا تھا۔