خبرنامہ پاکستان

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کا شہدائے ہاکورہ کو خراج عقیدت

حریت رہنماؤں

حریت رہنماؤں اور تنظیموں کا شہدائے ہاکورہ کو خراج عقیدت

سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اسلام آباد کے علاقے ہاکورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے تین کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ایک بیا ن میں شہید نوجوانون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر کو اپنی نو آبادی تصور کرتاہے اوراسی سوچ کی بنیاد پر ہر روز ہمارے نو نہالوں کاقتل عام کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کی کاوشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ ہمارے لخت جگر استعمار اور جبر کا شکار بن رہے ہیں لیکن دنیا کے نام نہاد انصاف پسند اپنے تجارتی مفادات کے تحفظ کیلئے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔یاسین ملک نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اْن کی مقامی کٹھ پتلیوں نے پہلے کشمیریوں کی تمام سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کی اور اب انہیں تہہ تیغ کرنے کاسلسلہ تیز کردیاگیا ہے ۔لبریشن فرنٹ کے رہنماء بشیر احمد کشمیری اور ظہور احمد بٹ نے صورہ جاکرعیسیٰ فاضلی کی نمازجنازہ میں شرکت کی اورسوگوارخاندان سے اظہاریکجہتی کیا۔ میرواعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ابھی سانحہ شوپیاں بھلا نہیں پائے تھے کہ تین اور نوجوانوں کوشہید کردیاگیا۔انہوں نے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مسئلہ کشمیر اس پورے خطے میں قتل و غارت گری اور انسانی جان و مال کی تباہی اور بربادی کا سبب بنا ہوا ہے اور یہ مسئلہ پورے خطہ میں ایک فلیش پوائنٹ بنا ہوا ہے لہٰذا جب تک اس مسئلہ کو اس کے تاریخی پس منظر میں حق خودارادیت کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی قراردادوں یا پھر سہ فریقی مذاکرات کے ذریعہ حل نہیں کیا جاتا سیاسی غیر یقینیت اور عدم استحکام کی فضا مسلسل جاری رہے گی۔حریت رہنماؤں اور تنظیموں بلال صدیقی ،غلام محمد خان سوپوری،ظفر اکبر بٹ ،آسیہ اندرابی جاوید احمد میر،شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، محمداحسن اونتو ، امتیاز احمد ریشی ، غلام نبی وار،فردوس احمد شاہ اورنیشنل فرنٹ،مسلم لیگ ،لبریشن فرنٹ (آر)اوردیگر نے بھی شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ ادھر مسلم لیگ ، تحریک مزاحمت اورحریت کانفرنس جموں وکشمیر کے وفود نے بھی صورہ جاکر شہید عیسیٰ فاضلی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔