خبرنامہ پاکستان

حریت رہنماؤں کا شہید کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت

حریت رہنماؤں کا شہید کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت

سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے حال ہی میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان گوہر احمد راتھر کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے جو گھر میں نظربندہیں گاندربل میں کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد کی گئی ایک تعزیتی تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے حل طلب مسئلہ کشمیر سے عالمی امن کیلئے بالعموم اور جنوبی ایشیاء کیلئے بالخصوص خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے حالیہ دنوں میں مقبوضہ علاقے میں 19بے گناہ نوجوانوں کوقتل کرکے کربلا جیسی صورتحال پیدا کر دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے جس نے پورے جنوبی ایشیاء کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے ۔اشرف صحرائی نے گوہر احمد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کی بلندری درجات کیلئے دْعا کی۔ تحریک حریت کے محمدرہنماء رفیق اویسی نے پرنگ میں گوہر احمد کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی اور اس موقع پر ایک جلسے سے خطاب کیا ۔ اس دوران پارٹی رہنما ء معراج الدین ربانی کی قیادت میں ایک وفد نے گوہر احمد کے گھر جاکر سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔اس دوران ڈیمو کریٹک پولٹیکل موومنٹ کے ایک وفد نے بھی کنگن جاکر گو ہر احمد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہا ر کیا۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل حاجی غلام نبی سمجھی کی قیادت میں حریت کانفرنس کے ایک وفد نے شوپیان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اوربھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ اور لوگوں پر تشدد کی شدید مذمت کی ۔ بھارتی فورسز نے علاقے میں ایک کشمیری مشتاق احمد ٹھوکر کو گھر سے زبردستی باہر نکال کر شہید اور کئی گھروں کو نظرآتش کر دیاتھا۔دریں اثناء حریت رہنماؤں حکیم عبدالرشید اور محمد یوسف نقاش پر مشتمل حریت کانفرنس کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ہسپتالوں میں جاکر بھارتی فورسز کے تشدد میں زخمی ہونے والے کشمیریوں کی عیادت کی ۔اس موقع پر انہوں نے نہتے اور پر امن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی طرف سے گولیوں اور پیلٹ گنوں سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال کو کشمیریوں کی نسل کُشی کے بڑا منصوبہ قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین سے حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی طرف سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔