خبرنامہ پاکستان

حضرت علیؓ کا یوم شہادت آج عقیدت واحترام سےمنایا جائےگا

پشاور:(آئی این پی)یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر آج پشاور سے جلوس نماز عشاء کے بعد نکلے گا ۔ سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جائیں گے ۔ ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی یوم شہادت حضرت علی آج منایا جا رہا ہے ۔ کوہاٹی میں واقع امام بارگاہ اخون آباد سے مرکزی جلوس نماز عشاء کے بعد نکلے گا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو جائے گا ۔ مختلف امام بارگاہوں میں یوم شہادت حضرت علی کے حوالے سے مجالس بھی بپا کی جائیں گی ۔ یوم علی کے جلوس کے موقع پر اندرون شہر کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جلوس کے گزرگاہوں کی سیکیورٹی انتہائی سخت رکھی جائے گی جبکہ گاڑیوں کی اندرون شہرمیں داخلے پر بھی پابندی ہوگی ۔ دوسری جانب کراچی میں آج یوم علی کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیان ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا ۔ جلوس کی گزرگاہوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ کراچی میں آج حضرت علی کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا جو نمائش چورنگی ، ایم اے جناح روڈ ، ایمپریس مارکیٹ ، صدر ، تبت سینٹرایم اے جناح روڈ ، لائٹ ہائوس اور بولٹن مارکیٹ ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیان ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہو گا ۔ جلوس کے شرکاء ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کریں گے ۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتطامات کئےگئے ہیں ، جلوس کی گزرگاہوں سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ روٹ پر واقع دکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے ۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی چار ٹیمیں جلوس کے روٹ کی سوئپنگ کریں گی ۔ رینجرز اہلکاروں کے علاوہ پولیس افسران سمیت 9 ہزار 600 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ محکمہ داخلہ سندھ نے یوم علی کے موقع پر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر 3 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے ۔