خبرنامہ پاکستان

حلقہ اين اے 74 سیالکوٹ، دوبارہ گنتی کے بعد بھی لیگی امیدوار کامیاب

سیالکوٹ کے قومی اسمبلی کے حلقہ 74 میں دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہونے پر بھی مسلم لیگ ن کے امیدوارعلی زاہد کی کامیابی برقرار رہی۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار غلام عباس نے آراو کی عدالت میں انتخابی نتائج کو چیلنج کیا تھا جس کی دوبارہ گنتی سے دونوں امیدواروں کے ووٹ کم ہو گئے لیکن لیگی امیدوار کی جیت برقرار رہی۔

این اے 74 سے ن لیگ کے امیدوار علی زاہد 3382 ووٹ کے فرق سے کامیاب رہے۔ لیگی امیدوار علی زاہد 96712 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار غلام عباس 93330 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ لیگی امیدوار کے 523 جبکہ پی ٹی آئی امیدوار کے 404 ووٹ کم ہوئے۔

تحریک انصاف کے امیدوار نے دوبارہ گنتی کے نتائج مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن جانے کا اعلان کیا ہے۔