خبرنامہ پاکستان

حلقہ این اے 66 جہلم،بلال کیانی کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

سپریم کورٹ پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 66 جہلم سے ن لیگ کے امیدوار بلال اظہر کیانی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔ دہری شہریت سے متعلق دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے بلال اظہر کیانی کے کاغذات مسترد کردیئے تھے

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے دوہری شہریت پر نااہلی سے متعلق ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔ راول پنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ اظہر کیانی کے صاحبزادے بلال اظہر کیانی کی اپیل کی سماعت کی۔

بلال اظہر کیانی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ میرے موکل نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے پہلے ہی دوہری شہریت چھوڑ دی تھی، اب یہ مقدمہ بعد از انتخابات سے متعلق ہے، میرے موکل کو انتخابات لڑنے کی اجازت دی جائے۔

وکیل نے مؤقف اپنایا کہ 7 جون کو دوہری شہریت ترک کر کے 4 دن پہلے ڈیکلیریشن بھیج دی تھی، کاغذات نامزدگی میں واضح کر دیا تھا کہ دوہری شہریت ترک کر دی ہے، اس کے باوجود ٹربیونل نے کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ انتخابات لڑنے سے قبل ووٹر کو بتانا ہے کہ امیدوار کہاں کا شہری ہے؟ عدالت نے بلال اظہر کیانی کو عام انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی۔ بلال کیانی کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلال اظہر کیانی کے کاغذات مسترد کردیے تھے۔