خبرنامہ پاکستان

حلقہ بندیوں سے متعلق ترمیمی بل آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا

حلقہ بندیوں سے متعلق ترمیمی بل آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا
اسلام آباد:(ملت آن لائن) نئی مردم شماری کے تحت حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیمی بل2017 آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ دنوں اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی تھی جس میں حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر ڈیڈ لاک ختم کرکے اسے آج سینیٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سینیٹ اجلاس کے ایجنڈا کے مطابق حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیمی بل سینیٹ میں انچارج وزارت قانون پیش کریں گے۔ حلقہ بندیوں کے بل پر ڈیڈ لاک ختم، بل 19 دسمبر کو سینیٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ بل قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد گزشتہ ماہ سینیٹ کے اجلاس میں پیش کیا جانا تھا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کے تحفظات کے باعث پیش نا کیا گیا۔سینیٹ کے گزشتہ اجلاس میں آئینی ترمیمی بل کو چار مرتبہ ایجنڈا میں شامل کیا گیا تھا۔ آئینی ترمیمی بل کی منظوری کے بعد پنجاب کی قومی اسمبلی کے لئے خواتین کی دو مخصوص نشستوں سمیت 9 نشستیں کم ہو جائیں گی جب کہ سندھ کی موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی۔ خیبر پختوانخوا کی ایک مخصوص نشست سمیت پانچ ، بلوچستان کی ایک مخصوص نشست سمیت تین اور وفاقی دارلحکومت کی ایک نشست کا اضافہ ہو گا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس میں حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے مطالبات تسلیم کیے جس کے تحت مردم شماری کے پانچ فیصد بلاکس کی دوبارہ تصدیق کروائی جائے گی، یہ کام تیس دن کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ آج کے اجلاس کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں نے اپنے ممبران کی حاضری کویقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔