خبرنامہ پاکستان

حویلیاں حادثہ، میتوں کی حوالگی کا عمل مکمل

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) سانحہ حویلیاں میں جاں بحق مزید گیارہ افراد کی میتیں صبح سات بجے کے قریب پمز انتظامیہ نے لواحقین کے حوالے کیں جس کے بعد تمام پاکستانی مسافروں کی میتوں کی ورثاء کو حوالگی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ ان گیارہ افراد میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے چھ افراد گل نورانی، مرزا گل، ثمینہ گل، زاہدہ پروین، فرحان علی، حسن علی بھی شامل ہیں۔ چترال سے ہی تعلق رکھنے والے احترام الحق، عائشہ عثمان، محمد علی خان، محمد خان اور سلمان ذین العابدین کی میتیں بھی لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ میتوں کو ایمبولینسز کے ذریعے راولپنڈی کی نورخان ایئربیس پہنچایا گیا جہاں سے انہیں سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے چترال روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ چینی باشندے سمیت تین غیرملکی افراد کی نعشیں پمز کے سردخانے میں ہی موجود ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیرملکی افراد کی میتوں کی حوالگی کے لئے متعلقہ سفارتخانوں سے رابطے میں ہیں۔