خبرنامہ پاکستان

حکمرانوں نے پاکستان کو کرپشن ، انتہا پسندی اوردہشتگردی کے راستے پر ڈال دیا ہے‘ طاہر االقادری

لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر االقادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے پاکستان کو کرپشن ، انتہا پسندی اوردہشتگردی کے راستے پر ڈال دیا ہے ‘یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں وزیر اعظم رزق حلال کے بارے میں پوچھے گئے سوالوں کا جواب نہیں دیتے ‘وطن عزیز میں سیاسی،سماجی ،معاشی انصاف ناپید اور جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہو چکی ہے‘ قائد اعظم نے اقلیتوں کو تحفظ کا یقین دلایا تھا مگر یہاں عوام کی اکثریت مٹھی بھر مقتدر کرپٹ ایلیٹ کے ظلم اور استحصال کا شکار ہے ۔اپنے ایک انٹر ویو میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ وزیر اعظم ہا ؤس قومی سلامتی کے تحفظ کی بجائے سلامتی پر حملے کرنے کا ہیڈ کوارٹر بن چکا ہے کرپٹ حکمرانوں نے امن اور محبت کے فروغ کیلئے حاصل کئے گئے پاکستان کو کرپشن ، انتہا پسندی اوردہشتگردی کے راستے پر ڈال دیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عام شہری کو عزت اور تحفظ دینے کیلئے حاصل کیا گیا تھا،مگر یہ مقاصد حاصل نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ ایلیٹ نے آزادی اظہار کو سلب کرنے کیلئے مختلف طریقے اختیار کر رکھے ہیں اور سچ بولنے والوں کو اپنی جان سے گزرنا پڑتا ہے پاکستان بننے سے قبل قابض انگریز کے عہد حکمرانی میں جلیانوالا باغ جیسے سانحات ہوتے تھے ،قیام پاکستان کے بعد جنرل ڈائر کی آمرانہ سوچ رکھنے والے حکمران سانحہ ماڈل ٹان برپا کرتے ہیں ۔