خبرنامہ پاکستان

حکمرانوں کوپنجاب میں موجود دہشتگرد نظر نہیں آتے؛ عمران

کراچی:(ملت+آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کوپنجاب میں موجود دہشتگرد نظر نہیں آتے،مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو ہمارے خلاف سازش کرنے کی ضرورت نہیں ،ملک کا سربراہ کرپشن کرتا ہے تو ملک تباہ ہوجاتا ہے،ملک میں کسی کو مسلح گروپ چلانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔وہ جمعہ کو کراچی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کیلئے تنظیم سازی کر رہے ہیں،اب تو اتر سے کراچی کے دورے کروں گا،آئندہ انتخابات میں تیاری سے جائیں گے،آصف زرداری اور نوازشریف نے بہت باریاں لیں۔عمران خان نے کہاکہ پانا مہ لیکس ون پوائنٹ ایجنڈے پر کسی سے بھی اکٹھے ہوسکتے ہیں،پانامہ لیکس کے بعد انہوں نے فلیٹس کی ملکیت تسلیم کی ہے،نوازشریف اپنی کرپشن کے ساتھ اپنے ٹولے کی بھی کرپشن بچا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح کھا گئی ہے،پانامہ لیکس پر مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں،کرپشن اور چوری رک گئی تو پیسہ عوام پر خرچ ہوگا کیونکہ کرپشن کے باعث قوم غریب ہورہی ہے،اپنے لئے پیسہ بنانے کیلئے ملک کو تباہ کردیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بھی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہونا چاہیے،پنجاب میں مسلح گروہ اور دہشتگرد موجود ہیں،مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی کیا ضرورت ہے،مولانا کا سلوگن ہے کہ نوازشریف کرپشن بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں۔عمران خان نے کہاکہ پنجاب میں مغل اعظم بیٹھے ہیں جو چاہے۔ قانون توڑے پوچھنے والا کوئی نہیں ہے،سارے سندھ اور پنجاب میں چوری ہورہی ہے۔