خبرنامہ پاکستان

حکمرانوں کو معمولی بخار بھی ہوجائے تو علاج کے لئے بیرون ملک چلے جاتے ہیں:طارق اﷲ

اسلام آباد (آئی این پی) جماعت اسلامی کے رہنما صاحبزادہ طارق اﷲ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو معمولی بخار بھی ہوجائے تو علاج کے لئے بیرون ملک چلے جاتے ہیں‘ جو بھی اس ملک کا صدر یا وزیراعظم بنتا ہے وہ بیرون ملک جا کر رہتا ہے پاکستان میں اس کا گزارا نہیں ہوتا‘ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کو سپورٹ کرتی ہیں‘ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف ملک بھر میں مہم چلائے گی ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خبریں آرہی ہیں کہ نواز شریف طبی معائنہ کرانے لندن گئے ہیں یہ عجیب بات ہے حکمرانوں کو معمولی بخار بھی ہوتا ہے تو علاج کی خاطر بیرون ملک چلے جاتے ہیں جنرل مشرف ‘ آصف زرداری‘ شوکت عزیز سمیت جو بھی اس ملک کے صدر اور وزیراعظم بنتے ہیں وہ بیرون ملک چلے جاتے ہیں کیوں کہ ان کا یہاں گزارا نہیں ہوتا وہاں سہولتیں زیادہ ملتی ہیں ان سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر جب بھی مشکل وقت آتا ہے پیپلز پارٹی اس کی سپورٹ کرتی ہے اسی طرح جب بھی پیپلز پارٹی پر مشکل وقت آتا ہے مسلم لیگ (ن) اس کی مدد کرتی ہے دونوں مشکل وقت میں ایک دوسرے کی سپورٹ کرتے ہیں۔ بیرون ملک غریب لوگ نہیں جاسکتے امیر اور مالدار حکمران ہی جاسکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی اس وقت قیادت لندن میں موجود ہے خدا کرے چاروں مل کر ملک کے مفاد ممیں کوئی فیصلہ کرنے کے لئے ملاقات کریں تو اچھی بات ہوگی جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف ملک گیر مہم چلا رہی ہے۔ (ن غ/ و خ)