خبرنامہ پاکستان

حکمراں عوام کے غیض و غضب کو دعوت نہ دیں، غنویٰ بھٹو

کراچی:(آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کو اپنی کامیابی تصور کرنے والے حکمرانوں پر لازم ہے کہ وہ عوام تک اس کے ثمرات پہنچانے کے لیے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں ورنہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے اعلانات عوام سے دھوکا دہی کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نان اشوز کی سیاست میں مصروف عمل ہیں اور ایوانوں میں ذاتی مفادات کے تحفظ کے علاوہ کسی قسم کی قانون سازی نہیں کی جاتی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کو عوام کے مشکلات و مصائب حل کرنے میں کتنی دلچسپی ہے، انھوں نے کہا کہ مردم شماری کے لیے سیکیورٹی مانگنے والے حکمرانوں کی مقبولیت اور عوام میں ان کی پذیرائی کا بخوبی اندازۃ لگایا جاسکتا ہے کہ عوام کے دلوں میں حکمران طبقات کے لیے کتنی نفرت اور حقارت موجود ہے۔شہید بھٹو پارٹی کی چیرپرسن کا کہنا تھا کہ حکومت وقت اور ان کے اتحادی جماعتوں عوام کے غیض و غضب کو دعوت دینے کے بجائے ان کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ حکمت عملی بنائیں ورنہ طاقت و اقتدار کے حقیقی مالک عوام ان کو اقتدار کی کرسی سے باہر نکال پھینکیں گے۔