اسلام آباد ۔ 9 فروری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت آزاد اور نجی شعبے کی حامل معیشت پر یقین رکھتی ہے۔ہماری کاوشوں کا مقصد نجی شعبے کیلئے مثالی کاروباری ماحول کو یقینی بنانا ہے کیونکہ حکومتوں کا کام کاروبار کرنا نہیں ہوتا ۔انہوں نے یہ بات عالمی بنک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم سے منگل کو ایوان وزیراعظم میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ جب نجی شعبہ کو مناسب طور پر سہولت دی جائے تو کاروبار کے فوائد پورے ملک تک پہنچتے ہیں ،جب حکومتوں کاروبار کرنا شروع کردیتی ہیں تو سبسڈیز کی شکل میں بھاری نقصانات اٹھانا پڑتے ہیں ۔وزیراعظم نے موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان کی اقتصادی ترقی اور قرضہ فراہمی کی پالیسی بحال کرنے میں عالمی بنک کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پالیسی پر مبنی قرضہ جات حکومت کو اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد اور پاکستان میں کاروبار کے ماحول کو مزید بہتر بنانے میں معاون ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجلی،ریل اور شاہرات کے بڑے بڑے منصوبوں ،بنیادی ڈھانچے کی ترقی ،تعلیم اور صحت کے شعبوں سمیت معیشت کے ہر شعبے میں بہتری لانے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لارہی ہے۔داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور تربیلا فور توسیع منصوبہ کیلئے عالمی بنک کی معاونت سے حکومت کو توانائی کی صورتحال بہتر بنانے اور مہنگے ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔ڈاکٹر جم یونگ کم نے حکومت کے سخت اقتصادی فیصلوں کیلئے بھر پور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بنک ڈھانچہ جاتی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ’’ مجھے اپنی پہلی ملاقات یاد ہے جب میں نے پاکستان کی سیکیورٹی ،توانائی اور اقتصادی استحکام کے بارے میں اپنی پریشانی کا اظہار کیا تھا ۔میں یہ کہنا چاہوں گا کہ آپ کی قیادت میں پاکستان میں ان تینوں شعبوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور ہم آپ کی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں‘‘۔ڈاکٹر جم یونگ کم نے موجودہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال مستحکم ہوگئی ہے جو حکومت کی اقتصادی ٹیم کی سرگرم کوششوں کا نتیجہ ہے۔پاکستان اب زیادہ اقتصادی نمو اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔عالمی بنک کے صدر نے کہا کہ دنیا کی دو سب سے بڑی صارف منڈیوں کے درمیان ملک کا اہم سٹریٹجک محل وقوع مزید اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان کو منفرد مواقع پیش کرتا ہے۔ڈاکٹر جم یونگ کم نے بہتر علاقائی مواصلاتی روابط اور تعاون کے حوالے سے حکومت کے منصوبوں کو سراہا۔دورے پر موجود عالمی بنک کے وفد میں جنوبی ایشیا ریجن کی نائب صدر انیتی ڈکسن،گلوبل کلائنٹ سروس،آئی ایف سی کے نائب صدر دمترس تتتسراگوس،مساوی نمو کے شعبہ کے نائب صدر جان والیسر اور پاکستان کیلئے کنٹری ڈائریکٹر پاچا موتھو ایلان گوان شامل تھے۔ملاقات کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان اشرف وتھرا ،سیکرٹری خزانہ اور سینئر سرکاری حکام بھی موجود تھے۔