خبرنامہ پاکستان

حکومتی مدت ختم ہونےسےپہلےلوڈشیڈنگ ختم کردینگے: نوازشریف

اسلام آباد: (اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت کی مدت ختم ہونے سے پہلے لوڈشیڈنگ ختم کر دینگے ، ان کا کہنا ہے صرف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں بلکہ مناسب قیمت پر بجلی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت توانائی منصوبوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، شاہد خاقان عباسی نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعظم نے جاری توانائی منصوبوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی کمی پورا کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر موثر انداز میں کام کر رہے ہیں، اپنی حکومت کی مدت ختم ہونے سے پہلے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کر دینگے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کی کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی منصوبوں پرخصوصی توجہ دینے اور پیشرفت کی باقاعدہ نگرانی کی جائے ، ملک میں توانائی منصوبوں پر شفاف عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ گھریلو اور صنعتی صارفین کئی برسوں سے لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں ، ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہمارا اولین مقصد ہے، بجلی کی فراہمی ہی نہیں بلکہ مناسب قیمت پر بجلی فراہم کرنا ترجیح ہے ۔