خبرنامہ پاکستان

حکومت آئی ڈی پیزکی واپسی اوربحالی کےلئےکام کررہی ہے،صدر

اسلام آباد :(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت داخلی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد ( آئی ڈی پیز) کی واپسی اور بحالی کے لئے مستعدی سے کام کررہی ہے، قبائلی عوام کو تعلیم ‘ صحت اور دیگر ترقیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محمد نذیر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے شمالی وزیر ستان ایجنسی کے اپنے حلقے کے وفد کے ہمراہ منگل کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ وادی شوال سمیت شمالی وزیرستان کو شر پسندوں سے مکمل طور پر پاک کردیا گیا ہے اور آرمی کے مسلسل آپریشنز کی بدولت امن بحال ہو چکا ہے۔صدر مملکت نے بے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں کو واپسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مقامی نمائندوں کے مشورے سے لوگوں کی بہتری کے لئے ترقیاتی کام اور اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کو یقینی بنائے گی۔صدر نے اس امر کو سراہا کہ فوج نے لوگوں کے مفاد میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صحت و تعلیمی اداروں کی تعمیر کے لئے بہت کام کیا ہے انہوں نے کہا کہ فاٹا سیکرٹیریٹ کو مقامی نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دینے پر قبائلی علاقوں کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم علاقے میں امن کی بحالی میں ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری محمد نذیر خان نے صدر مملکت کو شمالی وزیرستان ایجنسی میں مجموعی ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اور فوج کے عزم کی بدولت علاقہ دہشت گردوں سے مکمل طور سے صاف ہوگیا ہے اور امن بحال ہو چکا ہے۔انہوں نے علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی ‘ صحت و تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور زراعت کے فروغ کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔