خبرنامہ پاکستان

حکومت اوراپوزیشن میں الیکشن کمیشن کےممبران کےناموں پراتفاق نہ ہوسکا

اسلام آباد(آئی این پی) حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے حوالے سے مجوزہ ناموں پر اتفاق نہ ہوسکا،دونوں فریقین نے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کیلئے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کو چاروں صوبوں سے تین تین نام بھجوانے کا فیصلہ کرلیا،پارلیمانی کمیٹی کااجلاس 25جولائی بروز پیر صبح10:30بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کرلیا اور اسی روز الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کا فیصلہ کرکے نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔جمعرات کو ملاقات کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے حوالے سے ناموں پر اتفاق نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے دونوں فریقین نے پارلیمانی کمیٹی کو چاروں صوبوں سے تین تین نام بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری قومی ذمہ داری اور عوام کی ہمارے پاس امانت تھی کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کیلئے ایسے لوگوں کا انتخاب کیا جائے جو غیر متنازعہ اور ان کی کسی سیاسی جماعت سے سیاسی وابستگی نہ ہو ہم نے سچے دل سے کوشش کی کہ عوام کی امانت میں خیانت نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے کوشش کی ایسے لوگوں کو الیکشن کمیشن کے ممبران کے طور پر نامزد کیاجائے جن پر حکومت اور اپوزیشن سمیت پورے پاکستان کو اعتماد ہو۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر تمام دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی ہے میں حلفاً کہتا ہوں کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کیلئے غیر متنازعہ اور میرٹ پر لوگوں کا انتخاب کیا جائے گا۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کا عمل 45دن کے اندر مکمل کرلیں گے،ممبران کی تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں بہت سے اجلاس ہوئے مگر مکمل طور پر ناموں پر اتفاق نہ ہوسکا،کسی صوبے میں ایک نام پر اتفاق تھا اور کسی میں دو ناموں پر، اس لئے حکومت اور اپوزیشن نے چاروں صوبوں سے تین تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔پارلیمانی کمیٹی آئینی کمیٹی ہے وہ ان 24ناموں میں سے حتمی ناموں کا اعلان کریگی۔وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت (آج) جمعہ کو اپنے اپنے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیں گے، جو وہی نام پارلیمانی کمیٹی کو دے دیں گے۔ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 25جولائی کو صبح 10:30بجے طلب کرلیا گیا ہے اور کوشش ہوگی کہ اسی روز پارلیمانی کمیٹی الیکشن کمیشن کے ممبران کے نام فائنل کرلے اور اسی روز الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کا نوٹیفیکشن جاری کردیا جائے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ نئے الیکشن کمیشن ممبران میں ریٹائرڈ ججز،ریٹائرڈ ٹیکنو کریٹس اور ریٹائرڈ بیورو کریٹس بھی نظر آئیں گے۔ ایک صحافی کے سوال پر وزیر خزانہ نے کہاکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی حکومت کے خلاف اعلان کردہ موجودہ تحریک کا بھی وہی انجام ہوگا جو 2014-15کے احتجاجی دھرنوں کا ہواتھا ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کیلئے دونوں ایوانوں کے12 ممبران پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی قائم کی گئی تھی،جس کا چیئرمین وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید کو مقرر کیا گیا تھا،کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے 6،6ارکان شامل ہیں۔(خ م+رڈ)