خبرنامہ پاکستان

حکومت اور پاک فوج آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہیں:سیاسی رہنما

اسلام آباد:(اے پی پی) پاک فوج نے دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کو ختم کرنے اور طویل المدت استحکام کیلئے اقدامات تیز کر دیئے ہیں، ملک کی داخلی اور بیرونی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، حکومت اور پاک فوج آئی ڈی پیز کی واپسی اور ان کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیاسی رہنماؤں، دفاعی تجزیہ کاروں اور سینئر صحافیوں نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ پاک فوج آئی ڈی پیز کی واپسی اور ان کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت آئی ڈی پیز کیلئے فنڈز فراہم کر رہی ہے جبکہ سول انتظامیہ اس سلسلے میں سیکورٹی فورسز کی مکمل حمایت کر رہی ہے۔ فوج فاٹا میں آپریشن کے اختتام کی جانب بڑھ رہی ہے۔ پاکستانی افواج دہشت گردی کی لعنت کو ملک سے ختم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ دفاعی تجزیہ کار شاہد لطیف نے کہا کہ ہماری قیادت دنیا میں ابھرتے ہوئے جیوسٹریٹجک ماحول اور پاکستان کی سیکورٹی پر اس کے اثرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ملک میں طویل المدتی استحکام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آئی ڈی پیز نے ملک کی خوشحالی اور استحکام کیلئے قربانیاں دی ہیں، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کی بحالی کیلئے اقدامات کریں اور دہشت گردوں سے خالی کرائے گئے علاقوں میں سیکورٹی کو یقینی بنائیں۔ دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) محمود شاہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کو مزید موثر بنانے کیلئے اسے اپ ڈیٹ کیا جانا چاہئے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت جنوبی پنجاب میں چھپے عسکریت پسندوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں سیکورٹی کی صورتحال میں بڑی حد تک بہتری آئی ہے اور بہت سے دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ سینئر صحافی عقیل یوسفزئی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل کی جاری ہیں اور ملک میں امن بحال ہو رہا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں اور نیٹ ورکس کو تباہ کر دیا ہے اور 80 فیصد علاقہ کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے تعاون ضروری ہے۔ افغانستان کو سرحد پار دہشت گردوں کی نقل و حرکت کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے، قوم نے حکومت اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کیا ہے۔