خبرنامہ پاکستان

حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی: جام کمال خان

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیر مملکت پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، 2018ء کے عام انتخابات میں عوام حق رائے دہی کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کو دوبارہ کامیاب بنائیں گے، دھرنا سیاست درست نہیں ، رائے ونڈ میں دھرنا دینے کا اعلان غیرمناسب ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف قانون سازی کے عمل میں شامل ہے، انہیں اگرکوئی مسئلہ ہے تو پارلیمنٹ میں اٹھائے، ہر روز دھرنے کی بات کرنا درست نہیں جبکہ رائے ونڈ میں دھرنا دینے کا اعلان غیرمناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ پاکستان عالمی سطح پر کہاں کھڑا ہے ، ملک آئے روز دھرنوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس بات کا یہ مطلب نہیں کہ اگر کوئی مسئلہ ہو تو اسے اتنا اچھالا جائے اور دھرنوں کی بات کی جائے، ہم بات کرتے وقت یہ نہیں سمجھتے کہ ہماری باتوں کا عالمی سطح پر ملک پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے بھی بات کی ہے یہ عالمی مسئلہ ہے اس کو اتنا اچھالنا درست نہیں، اس حوالے سے حکومت کی پالیسی واضح ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جبکہ 2018ء کے عام انتخابات میں لوگ مسلم لیگ کی حکومت کو بہتر حکمت عملی اور کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے۔