خبرنامہ پاکستان

حکومت بنیادی ضروریات کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گی: راجہ

مظفرآباد ۔: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پسماندہ اضلاع کی ترقی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھائے گی، ایسے اضلاع جہاں ابھی تک بنیادی ڈھانچہ مہیا نہیں کیا جا سکا وہاں ضرورت کے مطابق فنڈزمہیا کیے جائیں گے اور اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ حکومت کی اتھارٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سڑک بند کرکے کوئی مطالبہ نہیں منوا سکتا، ضلع ہٹیاں بالا کومثالی بنائیں گے کیونکہ یہ سرینگر اور مظفرآباد کا گیٹ وے ہے، ضلعی ہیڈکوارٹر پر فائر بریگیڈ اور 15کے دفاتر کا فوری قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، ضلع میں امن وامان کے قیام کے لیئے ضرورت کے مطابق پولیس فورس مہیا کی جائے گی۔ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی جملہ ضروریات پوری کی جائیں گی۔ سرکاری ملازمین کا فرض ہے کہ وہ عوام کو سہولیات اور آسانیاں فراہم کریں ،ریاست کا انتظامی ڈھانچہ بڑھنے کے فوائد عوام تک پہنچنے چاہیں، ملازمین عوام کی خدمت کے لئے تعینات ہیں اور اسی مقصد کے لئے انہیں تنخوائیں ادا کی جاتی ہیں ۔ وہ ضلع ہٹیاں بالا سے متعلق اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا نے مختلف اداروں کے افسران کے ہمراہ وزیراعظم آزادکشمیر کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی ڈاکٹر مصفطی ٰ بشیر عباسی ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالدکیانی ، کمشنر مظفرآبادچوہدری محمد طیب ، ڈی آئی جی مظفرآباد ، ایس پی ہٹیاں بالا اورضلعی افسران کی بڑی تعداد موجود تھی ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ چکار لاری اڈے کی تعمیر ، سلاٹر ہاؤس ، فائر بریگیڈ ، پریس کلب، سپورٹس سٹیڈیم ، گرڈ اسٹیشن کے قیام سمیت دیگر منصوبوں کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں اور ایسے ادارے فوری بنیادوں پر قائم کیے جائیں جن کی عوام کو ضرورت ہے ۔ ضلع ہٹیاں بالا میں جو ادارہ جات موجود نہیں ان کی تفصیل مہیا کی جائے اور سرکاری دفاتر کی مکانیت سے متعلق جملہ تفصیلات پیش کی جائیں تاکہ عوامی ضرورت کے حامل اداروں کا فوری قیام عمل میں لایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صحت کے حوالے سے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ضروریات پوری کی جائیں تاکہ عوام الناس کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات میسرآسکیں ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے محکمہ شاہرات کو ہدایت کی کہ وہ لیپہ اور سدھن گلی کی سڑکوں کو ہمہ وقت بحال رکھنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کارلائیں اور برف باری میں بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ بحال رکھا جائے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہمیں کام کی اجرت ملتی ہے ، مفت میں کام نہیں کرتے جب افسر ٹھیک ہو گا تو ہر ملازم اس کی بات مانے گا،بالا ئی علاقوں میں اوور لوڈنگ کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں جن کی روک تھا م کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں اور اوورلوڈنگ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ مقامی اداروں میں گریڈ 1سے 4تک لوکل لوگوں کا استحقاق ہے جس علاقے کی آسامی ہو اسی علاقے سے تعیناتی کی جائے ۔ قانون اور قاعدے کے مطابق لوگوں کو ٹی ڈی کوٹہ کے تحت لکڑ کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ محکمہ زراعت کے توسیعی مراکز کے کام زمین پر نظر آنے چاہئیں ۔ سبزیوں اور پھلوں کی کاشت مقامی آب وہوا کو دیکھ کر یقینی بنائی جائے تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کا آغاز کیا جائے اور اس قومی مہم میں مقامی آبادی کو بھی شامل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ضلع ہٹیاں بالا کے طبی مراکز میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضریاں یقینی بنائی جائیں ، چکار رینج سمیت تمام علاقوں میں جنگلات کی اراضی سے ناجائز قابضین کو بے دخل کیا جائے۔