خبرنامہ پاکستان

حکومت مخالف تحریک ؛ پی ٹی آئی کا اجلاس طلب

لاہور: (اے پی پی) حکومت مخالف تحریک کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے تحریک انصاف نے لاہور میں پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیا ، اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں اور تحریک کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ آج لاہور میں چیئرمین سیکرٹریٹ میں ہونے والے پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین ، کور کمیٹی کے ارکان اور پارلیمانی لیڈر شپ شرکت کرے گی ۔ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا ۔ تحریک کا نام کیا ہوگا ، احتجاج میں کیسے شدت لائی جائے گی ، سب امور زیربحث آئیں گے ۔ حکومت مخالف تحریک کے لئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کی حکمت عملی طے کی جائے گی ۔ تحریک انصاف ڈویژنل لیول پر حکومت مخالف کنونشن کرنے کے شیڈول کا بھی جائزہ لے گی اور حکومت کے خلاف آئندہ لائحہ عمل کے لئے پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔