خبرنامہ پاکستان

حکومت مشکلات کم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں:

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو درپیش مشکل حالات میں مشکلات کم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں ، ٹیکسلا کے حلقہ سے میرے مخالفین گذشتہ کئی حکومتوں میں شامل رہے تاہم خود پھلنے پھولنے کے علاوہ عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، عوامی نمائندے انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ وہ ہفتہ کو یہاں چک بیلی خان میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ چند ماہ میں چک بیلی۔روات کی یونین کونسلوں میں تین بڑے پروگرامز کریں گے اور اس حلقہ میں بھرپور ترقیاتی کام کرائیں گے۔انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب نومنتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری سے سرانجام دیں، کسی سطح پر کرپشن برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں کئی یونین کونسلوں میں حلقے اوپن چھوڑنے پڑے، سارے ہمارے لیگی بھائی ہیں جو جیت گئے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہارنے والوں کو ساتھ لے کر چلیں اور انصاف کے تقاضے پورے کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ روات اور کلرسیداں کیلئے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دیں گے جو ترقیاتی کاموں اور کرپشن کے حوالہ سے نگرانی کریں گی، محکمہ تعلیم، پولیس اور محکمہ مال کے حوالہ سے الگ الگ کمیٹیاں ہوں گی، بڈھانہ سڑک پر کام کے معیار کی تحقیقات کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ عمران خان کے انقلاب کے نعرے لگا رہے ہیں وہ مشرف کے بھی ساتھی تھے تاہم انہوں نے حلقہ کیلئے کچھ نہیں کیا، عوام میرے دست و بازو ہیں ۔