اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حکومت معاشرے سے غیرت کے نام پر قتل کا بدنما داغ مٹانا چاہتی ہے، غیرت کے نام پر قتل کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں،خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں انہیں با اختیار بنانے پر یقین رکھتے ہیں جبکہ سماجی کارکن اورآسکرایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے نے تعلیم کے اہداف کے حصول اور غیرت کے نام پر قتل جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان کو نواز شریف جیسا وزیراعظم ملا۔ پیر کو وزیراعظم نواز شریف سے سماجی کارکن اورآسکرایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے نے ملاقات کی جس دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ غیر کے نام پر قتل جیسی روایات کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، غیرت کے نام پر قتل انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورؐ کی حیات مبارکہ اور تعلیمات سماجی اصلاحات پر مبنی ہیں،اسلام نے تاریخ کا دھارا بدلنے کیلئے کامیاب تحریک دی،اسلام نے پہلی بار خواتین کو حقوق دیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے سے غیرت کے نام پر قتل کا بدنما داغ مٹانا چاہتی ہے، غیرت کے نام پر قتل کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کیلئے پر عزم ہیں، خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں، انہیں بااختیار بنانے میں یقین رکھتے ہیں، متحرک اور خوشحال پاکستان کیلئے خواتین کے تحفظ پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ موجودہ قوانین میں سقم دور کرنے کیلئے متحلقہ حکام کو ہدایت کر چکے ہیں، قوانین میں تبدیلی کیلئے تمام فریقین سے مشاورت کی گئی، حکومت اور سول سوسائٹی کی مشترکہ کوششوں سے سماجی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ آسکر ایوارڈ کیلئے دستاویزی فلم کی رونمائی وزیراعظم ہاؤس میں کی جائے گی، شرمین عبید چنائے کی فلم تقریب رونمائی22فروی کو ہو گی۔وزیراعظم نواز شریف نے شرمین عبید چنائے کی کاوٹوں کی تعریف کی اور دستاویزی فلم کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر سماجی کارکن اورآسکرایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے نے تعلیم کے اہداف کے حصول اور غیرت کے نام پر قتل جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان کو نواز شریف جیسا وزیراعظم ملا۔ انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم نواز شریف کا کردار قائدانہ ہے،اس موقع پر شرمین عبید چنائے نے تعلیم کے اہداف کے حصول میں وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کے کردار کی بھی تعریف کی۔(اح)