خبرنامہ پاکستان

حکومت ملکی معیشت کی بہتری ، بے روزگاری کے خاتمےپرتوجہ دے رہی ہے،خرم دستگیر خان

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وفاقی وزیرتجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت کی بہتری ، بے روزگاری کے خاتمہ اور ملک میں سرمایہ کاری پرتوجہ دے رہی ہے۔ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے پی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ سابق دور حکومت میں بڑے پیمانے پر عوام کو بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ ، مہنگائی اوردیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑا، تاہم موجودہ حکومت نے ان مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کوششیں کی ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان کا قطرکے ساتھ ایل این جی معاہدہ اور ملک میں شروع کئے گئے بڑے توانائی کے منصوبہ جات اہم ثبوت ہیں ، اس سے نہ صرف عوام کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ ان کیلئے روزگاری کے مواقع بھی پیدا ہونگے، ملک میں سرمایہ کاری کی صورتحال بھی بہتر ہوگی اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی مختلف ٹاک شوز اورکرنٹ افیئر پروگرامز کے ذریعہ نہ صرف حکومت بلکہ اپوزیشن کو بھی اظہار رائے کا موقع دیتی ہے جو کہ ایک اچھی بات ہے ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کو پروگراموں اور معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے گلف ایکسپو2016ء میں پاکستان کی دو سو سے زائد کمپنیوں کی شرکت پر اطمینان کا اظہارکیا ہے۔