اسلام آباد ۔اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک میں میرٹ پر مبنی کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معیشت کے حوالے سے آزادانہ حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور اس ضمن میں شفافیت، مسابقت اور نجی شعبے کے وسیع تر کردار کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بات ’’مکنسے‘‘ کے گلوبل منیجنگ ڈائریکٹر ڈومینک بارٹن سے منگل کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم معیشت کے حوالے سے آزادانہ طرزعمل اختیار کئے ہوئے ہیں اور حکومت کی حیثیت سے ہماری مخلصانہ کوششیں شفافیت و مسابقت کو یقینی بنانے اور قومی معیشت میں نجی شعبے کو وسیع تر کردار سونپتے ہوئے ہماری کارکردگی سے واضح طور پر عیاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ منصوبہ جات پر عمل درآمد میں کام کی رفتار بہت اہم ہے کیونکہ سست روی سے عمل درآمد کے باعث حکومت کے اقدامات پر پیشرفت اور مجموعی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔ پاکستان کی اقتصادی صورتحال کے بارے میں ڈومینک بارٹن نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دو برسوں کے دوران عملی اقتصادی پالیسیوں کی پیروی کرتے ہوئے متاثر کن اقتصادی بحالی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو بین الاقوامی سطح پر ایک اہم منصوبہ سمجھا جا رہا ہے جس سے پاکستان اور پورے خطے میں اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں خود کفالت حاصل کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ موجودہ حکومت کی طرف سے حاصل ہونے والی اقتصادی نمو کو سراہتے ہوئے ڈومینک بارٹن نے کہا کہ توانائی کا شعبہ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کے بجا طور پر ترجیحی شعبے ہیں۔ ہم ٹرانسمیشن لائن خسارہ جات کم کرنے میں حکومت کو بھرپور معاونت فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر سینئر عہدیدار بھی ملاقات میں موجود تھے۔