خبرنامہ پاکستان

حکومت نواز شریف کی ایما پر منافقت کر رہی ہے، شجاعت

حکومت نواز شریف کی ایما پر منافقت کر رہی ہے، شجاعت
لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد میں علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مبارک موسوی، محسن شہریار، میجر (ر) فخر، شکیل عباس جبکہ شبیر حسین شاہ اور شیخ عمر حیات بھی موجود تھے، انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عقیدہ ختم نبوتؐ اور تحفظ ناموس رسالتؐ کے قوانین میں ردوبدل کرکے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کی ہر مکن کوشش کی مگر ختم نبوتؐ پر ایمان رکھنے والوں نے حکمرانوں کے یہ عزائم خاک میں ملا دیے۔ یہ سب نواز شریف کی ایما پر کیا جا رہا ہے، عدلیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے جس پر ہم عدلیہ اور درخواست دائر کرنے والے مولانا اللہ وسایا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں لیکن پارلیمنٹ میں موجود دینی جماعتیں اور دیگر اپوزیشن جماعتیں بالکل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر شیرازی کو اغوا ہوئے15روز گزر چکے ہیں لیکن کسی حکومتی ادارے نے آج تک تسلیم نہیں کیا کہ وہ کس کی تحویل میں ہیں، انھوں نے کہا کہ ہماری جماعت سینیٹ میں پوائنٹ آف آرڈر پر اس سلسلے میں آواز بلند کرے گی، علامہ راجا ناصر عباس نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی کا ناصر شیرازی کی گرفتاری پر ان کے موقف کی تائید پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، دریں اثنا مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین نے کہا ہے کہ وزیرقانون استعفیٰ دے کر گھر جائیں تاکہ ملک میں امن کی فضا قائم رہے۔